لانگ مارچ کے دن 25 مئی کو لاہور میں توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے معاملے پر حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پولیس نے عدالت سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لئے ہیں۔ یہ وارنٹ انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ پولیس نے تحریک انصاف کی گرفتاری کی اجازت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ تھانہ شاہدرہ نے حماد اظہر، یاسر گیلانی٫ ندیم بارا، عدیل نواز، شفقت محمود اور میاں محمود الرشید کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لئے ہیں۔ اس کے علاوہ جن پی ٹی آئی رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں ان میں اعجاز چوہدری، اکرام عثمان، حسان نیازی، زبیر نیازی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، امتیاز شیخ، عندلیب عباس، مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال سمیت دیگر شامل ہیں۔ دوسری جانب تھانہ گلبرگ پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری کی اجازت حاصل کر لی ہے۔ ان رہنمائوں میں ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، عندلیب عباس، اعجاز چوہدری، یاسر گیلانی، میاں اسلم اقبال، مراد راس، ملک ندیم عباس بارا، میاں شفقت محمود، میاں محمود الرشید، میاں اکرام عثمان اور دیگر کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لئے۔ ملزمان پر 25 مئی لانگ مارچ کی مناسبت سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دہشت گردی کے الزامات ہیں۔