اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت بچانے کے لئے تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گورنر پنجاب بنا دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب چودھری سرور خود الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں۔ مسلم لیگ ق کو وزارتِ اعلی دینے کی صورت میں مرکز میں عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔ وزیراعظم کو تجویز دی گئی ہے کہ سردار عثمان بزدار کو گورنر پنجاب بنانے سے ان کی عزت واحترام میں فرق نہیں آئے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں اس حوالے سے فیصلہ کرینگے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز کراچی کا اہم دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے ایم کیو ایم کی سینئر قیادت سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو ایم کیو ایم کی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی اور صوبائی پارٹی رہنمائوں سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے ممبران اور پارٹی رہنمائوں کو عوام کے ساتھ رابطے مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی تاکہ حکومت کی طرف سے مختلف سماجی اور اقتصادی منصوبوں کے بارے میں لوگوں کو زیادہ آگاہی فراہم کی جا سکے۔ بعد ازاں گورنر ہائوس میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 30 سال تک ملک کا خون چوسنے والا چوروں کا ٹولہ میرے خلاف متحد ہو گیا ہے، یہ ملک نہیں اپنے آپ کو بچانے نکلے ہیں، اس ٹولے کے خلاف جنگ صرف عمران خان کی نہیں ملک کے بچے بچے کی ہے، سب نے مل کر ان کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، تحریک عدم اعتماد چوروں اور ڈاکوئوں کے ٹولے کی سیاسی موت ثابت ہو گی، اپوزیشن ہمارے ارکان اسمبلی کو 20، 20 کروڑ روپے کی پیشکشیں کر رہی ہے۔