عوام کیلئے بڑا ریلیف پیکج، گھی ، آٹا رمضان المبارک میں سستا ملے گا

عوام کیلئے بڑا ریلیف پیکج، گھی ، آٹا رمضان المبارک میں سستا ملے گا
کیپشن: Ghee and Flour
سورس: web desk

ویب ڈیسک:وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کا ریلیف پیکیج بڑھا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نےعوام کے لیے ساڑھے سات ارب روپے مالیت کے رمضان پیکیج کا اعلان کیا تھا تاہم اب وزیراعظم نے ریلیف پیکیج کو بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم بڑھانے کے علاوہ اس کا دائرہ کار بھی مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے اور اب یوٹیلٹی سٹورز کے ساتھ بی آئی ایس پی اور موبائل یونٹس بھی کھانے پینے کی سستی اشیا فراہم کریں گے۔

 مستحق افراد کو بازار سے 30 فیصد کم قیمت پر اشیائے خور ونوش فراہم کی جائیں گی۔ آٹے پر 77 روپے اور گھی پر 70 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔

ابتدائی طور پر 1200 موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکیج ریلیف مراکز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں یکم سے اختتام رمضان تک ٹرکوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں عوام کو سستی اشیائے خور ونوش فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ غریب، نادار اور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکیج پہنچایا جائے۔