ملالہ یوسفزئی نے برطانیہ میں شادی کر لی

ملالہ یوسفزئی نے برطانیہ میں شادی کر لی
برمنگھم: (ویب ڈیسک) نوبل انعام حاصل کرنے والی کم عمر ترین پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے شادی کر لی ہے۔ شادی کی یہ تقریب برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقد کی گئی جس میں خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ ملالہ نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔ ملالہ یوسفزئی کے شوہر کا نام عصر ملک ہے۔ ملالہ نے ٹویٹ کر کے اپنی شادی کی معلومات دیں اور لکھا کہ 'آج میری زندگی کا ایک قیمتی دن ہے۔ عصر ملک اور میں نے زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے لیے شادی کی ہے۔ ہم نے برمنگھم میں اپنے گھر پر خاندان کی موجودگی میں نکاح کی ایک چھوٹی سی تقریب کی۔ ہم آگے کے سفر پر ایک ساتھ چلنے کے منتظر ہیں۔ ہمیں آپ کی نیک خواہشات کی ضرورت ہے۔ ملالہ کے شریک حیات عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں جنرل منیجر ہیں۔ انہوں نے مئی 2020ء میں اس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پہلے وہ پاکستان سپر لیگ کے لیے کام کرتے تھے۔ ملک نے پلیئر مینجمنٹ ایجنسی بھی چلائی ہے۔ انہوں نے 2012ء میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ خیال رہے کہ پاکستان کی وادی سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت کرنے والی ملالہ کو 2012ء میں سکول سے واپسی پر طالبان نے گولی مار دی تھی۔ اس وقت ملالہ کی عمر صرف 15 سال تھی۔ ملالہ کا علاج برطانیہ میں ہوا اور اس کی جان بمشکل بچ پائی۔ اس کے بعد ملالہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ ملالہ کی عمر صرف 17 سال تھی جب انھیں 2014ء میں بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ہندوستان کے کیلاش ستیارتھی کے ساتھ مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام ملا تھا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی سب سے کم عمر فاتح تھیں۔ https://twitter.com/Malala/status/1458128016157052938?s=20 2013ء میں ملالہ کو یورپی یونین کا باوقار شاخروف انسانی حقوق کا انعام بھی ملا۔ اس کے علاوہ انہیں کئی اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ملالہ یوسفزئی 12 جولائی 1997ء کو پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں پیدا ہوئیں۔ اس کی پیدائش کے وقت گھر والوں کے پاس ہسپتال جانے کے لیے پیسے بھی نہیں تھے۔ 11 سال کی عمر میں انہوں نے گل مکئی کے نام سے ڈائری لکھنی شروع کی۔