کراچی : وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے بی آر ٹی اورنج لائن عبدالستار بس سروس کا افتتاح کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اورنج لائن بس سروس کے لئے 20 بسیں کراچی کی سڑکوں پر دوڑیں گی ۔ مجموعی طور پر 4 کلو میٹر کا ٹریک ہے جس پر 4 بس اسٹیشن اور ٹکٹ گھر بنائے گئے ہیں ۔اس منصوبے پر ڈھائی ارب روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔یہ منصوبہ اورنگی ٹاون پانچ نمبر سے شروع ہوکر میٹرک بورڈ آفس پر ختم ہوگا جس سے کراچی کے شہری خاص طور پر اورنگی ٹاون کے شہریوں کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی صورتحال ہے اس وجہ سے اس تقریب کو سادگی سے کر رہے ہیں، کراچی والوں کمٹمنٹ ہے اسے پورا کردیا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ اس کا کرایہ 10 سے 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، ٹرانسپورٹ کے مزید منصوبے لائے جائیں اور کراچی والوں کو سفر کی سہولیات فراہم کی جائیں۔