لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی خصوصی عدالت میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزارت عظمیٰ اور وزارت اعلیٰ کے امیدواروں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ہے۔ آج اس کیس کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی تو شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ لیگی رہنما کے وکیل کا کہنا تھا کہ فردِ جرم سے متعلق دلائل دینے ہیں، اس لئے استدعا ہے کہ ہمیں مہلت فراہم کی جائے۔ عدالت نے دلائل تسلیم کرتے ہوئے کارروائی رواں ماہ ستائیس اپریل تک ملتوی کردی۔ پراسکیوٹر کی خصوصی ٹیم نے اس سے قبل شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے مقدمے کی پیروی کیلئے عدالت میں پیشی سے انکار کر دیا تھا۔ خصوصی ٹیم کا موقف تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے کیس میں پیش نہ ہونے کی ہدایت ملی ہے۔ اس لئے فی الحال دونوں شخصیات مقدمے میں پیش نہیں ہو سکیں گی۔