پبلک نیوز:افسوس ناک خبر۔۔ سفاک باپ نے بیوی سمیت 7 بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سجاد نے گھریلو ناچاقی پر تیز دھار آلے سے اپنی بیوی اور 7 بچوں کو قتل کیا جبکہ قتل ہونے والے تمام افراد کی میتیں سول اسپتال علی پور منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم سجاد فرار ہونے کی کوشش کی، اہل علاقہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس تھانہ صدر نے ملزم سے آلہ قتل برآمد کرکے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق قتل کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے، بچوں کی عمریں 6 ماہ سے 8 سال کے درمیان ہیں، ملزم ایک ٹانگ سے معذور اور درزی کا کام کرتا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ملزم سجاد بے روزگار تھا اور گھر میں جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز لڑائی جھگڑے میں اضافہ ہوا جس کے بعد ملزم نے بیوی اور بچوں کو قتل کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نوٹس
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شوہر کے ہاتھوں بیوی سمیت 7 بچوں کے مبینہ قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے علی پور مظفرگڑھ میں ہونے والے افسوسناک واقعے پرانسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
مریم نواز شریف نے 7 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دے دیا۔