’پاکستان مخالف سوشل میڈیا ٹرینڈز کے پیچھے بھارت ہے‘

’پاکستان مخالف سوشل میڈیا ٹرینڈز کے پیچھے بھارت ہے‘
اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کے لیے سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا ٹرینڈز کے پیچھے بھارت سب سے آگے ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلائی۔ پی ٹی ایم نے بھی ریاست مخالف 150 ٹرینڈز چلائے۔ انھوں نے بتایا کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا کا 2 سال کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے۔ سینیٹر عثمان کاکڑ کی موت برین ہیمرج کے باعث ہوئی تاہم بھارت نے اس پر بھی جعلی ٹرینڈ چلایا۔ سینیٹر عثمان کاکڑ کی وفات پر 2ہزار ٹویٹس بھارت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری پر الزام لگایا گیا انہوں نے اسرائیل کا دورہ کیا۔ اسرائیل نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلایا جس پر 10 ہزار ٹویٹس کی گئیں۔ ن لیگ کی میڈیا ٹیم اور جے یو آئی (ف) نے بھی اسرائیلی ٹرینڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں ہرقسم کا فساد پھیلانے میں بیرون ملک سے ہاتھ ملوث ہوتے ہیں۔ پاکستان میں فرقہ ورانہ نفرت اور لسانی فسادات کی کوشش میں بھی بیرون ملک سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ملوث ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نور مقدم کیس کو بنیاد بنا کر بھارتی ٹی وی چینلز نے پاکستان کے خلاف کئی گھنٹے کی ویڈیوز اپ لوڈ کیں۔ پاکستان کے خلاف جعلی خبروں کے ذریعہ بڑے پیمانے پر میڈیا جنگ شروع کی جاچکی ہے۔ پی ٹی آئی حقیقی وفاق کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے جسے ملک بھر میں پذیرائی حاصل ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔