تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے اسسٹنٹ کے گھر رات گئے چھاپہ مار کر اس کی اہلیہ کو مبینہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اس اقدام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ رات کو شہباز گل کے اسسٹنٹ اور ڈرائیور اظہار کے گھر پر چھاپا مارا گیا۔ اظہار کی بیوی کو اٹھا کر لے گئے لیکن اسے کہاں رکھا گیا ہے؟ اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔ https://twitter.com/ICT_Police/status/1557615370294394880?s=20&t=PZRyhPGr3l5cqHBBx6iRQA فیصل چودھری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ تھوڑی دیر بعد ہائیکورٹ میں اظہار کی بیوی کے اغوا کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر چھاپہ مار کر گرفتاری کے عمل کو قانون کے مطابق قرار دیدیا ہے۔ https://twitter.com/ICT_Police/status/1557615381275181056?s=20&t=PZRyhPGr3l5cqHBBx6iRQA اس معاملے پر اسلام آباد پولیس کے ٹویٹر اکائونٹ سے جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر چھاپے اور گرفتاری کا عمل قانونی ہے۔ ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے کارِ سرکار میں عملی مزاحمت کی۔ البتہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اس کیس سے جڑے تمام تر شواہد و ثبوت اکٹھے کررہی ہے۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جہاں کہیں بھی قانونی کاروائی کی ضرورت پڑی پولیس اپنا کام کرے گی۔ کیس کا دائرہ کار اسلام آباد کے علاوہ دیگر صوبوں تک بھی پھیلایا جا سکتا ہے۔ جو لوگ ثبوت چھپانے یا شواہد مٹانے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے گزارش ہے کہ جھوٹی خبروں پر دھیان نہ دیں۔ ٹویٹر بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ غلط خبریں اور عوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔