قاسم سوری کے گرد بھی گھیرا تنگ

قاسم سوری کے گرد بھی گھیرا تنگ
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ قاسم سوری نے ایف آئی اے کی جانب سے جاری طلبی نوٹس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کوئٹہ میں موجود نہیں بلکہ اسلام آباد میں ہوں۔ گذشتہ روز کوئٹہ میں موجود میرے بھائی نے یہ نوٹس وصول کیا تھا۔ سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کا کہنا تھا کہ یہ رقم میرے ذاتی اکائونٹ میں نہیں بھیجی گئی تھی۔ 2011ء سے 2013ء تک بھیجی گئی رقم پی ٹی آئی کے آفیشل اکائونٹ میں آئی۔ اس رقم کو پی ٹی آئی بلوچستان کے مختلف امور کیلئے استعمال کیا گیا تھا۔ قاسم سوری کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت تحریک اںصاف کے 4 رہنمائوں کو ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ میں چونکہ اسلام آباد میں موجود ہوں، اس لئے کوئٹہ میں ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہو سکا۔ خیال رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے رواں ماہ 5 اگست کو تحقیقات شروع کرنے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سلسلے میں پانچ مختلف انکوائری ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ انکوائری کمیٹیاں کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور، کراچی اور لاہور میں اس معاملے کی تحقیقات کریں گی۔ ان ٹیموں کی نگرانی ہیڈ کوارٹرز میں قائم ایک بڑی کمیٹی کرے گی۔ ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک سے تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔