ویب ڈیسک: فیصل آباد میں جرائم پیشہ افراد بےلگام ہوگئے۔ چند روز قبل تاوان کے لیے اغواء کیے جانے والے زمیندار کو بےدردی سے قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ سے تاوان کیلئے کیے جانے والے زمیندار کو قتل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ قتل ہونے والا گل عباس پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی رائے حسن نواز کھرل کا کزن ہے۔
گل عباس کی لاش کھیتوں سے بر آمد کرلی گئی ہے۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ گل عباس کو ایک ہفتے قبل نامعلوم ملزمان نے اغواء کیا تھا۔ ملزمان نے گل عباس کی چار مربعے زمین فروخت کر کے تاوان طلب کیا تھا۔
پولیس نے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا جن کی نشاندہی پر لاش کو بر آمد کر لیا گیا ہے۔ واقعے میں ملوث تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کے اغواء اور قتل میں اس کے ہی 4 مزارے شامل ہیں۔ مقتول کے اغواء کا مقدمہ 4 روز قبل نامعلوم ملزمان کیخلاف تھانہ صدر میں درج کیا گیا تھا۔