میانوالی: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم سب کیساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ وزیرستان ہو یا بلوچستان سب کیساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرینگے۔ لیکن صرف ان لوگوں سے مفاہمت نہیں ہوگی جنہوں نے عوام کا پیسہ چوری کیا۔ میانوالی میں عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ سال مارچ تک ہیلتھ انشورنس کارڈ پنجاب کے تمام خاندانوں کو ملے گا، ہر خاندان کے پاس 10 لاکھ کی انشورنس ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 50 ہزار روپے سے کم آمدن والوں کو راشن کی خریداری پر 30 فیصد سبسڈی دیں گے۔ ہم سب سے زیادہ پیسہ طلبہ کی سکالرشپس پر خرچ کر رہے ہیں۔ کامیاب پاکستان پروگرام میں 20 لاکھ خاندانوں کو بلا سود قرض دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وعدہ کیا تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک بنے گا جو کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ جنہوں نے اقتدار میں آ کر پیسہ چوری کیا، ان کیساتھ مفاہمت ہوگی اور نہ ہی انھیں این آر او دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک اس لئے غریب ہوتے ہیں کہ بڑا چور آزاد اور چھوٹے چور جیل میں ہوتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کا پیسہ لوٹ کر باہر لے جانے والوں سے کوئی بات چیت یا مفاہمت نہیں کریں گے۔