‏سابق وزیراعظم نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے خاتمے کی درخواست دائر

‏سابق وزیراعظم نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے خاتمے کی درخواست دائر
سپریم کورٹ میں‌ ‏ سابق وزیراعظم نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے خاتمےکی درخواست دائر کر دی گئی. درخواست سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون کے ذریعے دائر کی گئی، درخواست میں وفاق کو فریق بنایا گیا ہے. درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیا جائے.درخواست میں آرٹیکل 184اور آرٹیکل 99 کی تشریح کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے. دوسری جانب نوازشریف کے پاکستان واپس نہ آنے پر حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا ، وزیراطلاعات نے کہا کہ نوازشریف فراڈ کرکے ملک سے باہرگئے، جھوٹا بیان حلفی دینے پر شہبازشریف کی نااہلی کی درخواست کی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے شہبازشریف کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیاہے، نوازشریف کھلم کھلا فراڈ کرکے باہر گئے ہیں اور ملک سےباہر بیٹھ کر پاکستان،قانون کا مذاق اڑارہے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو شہبازشریف کی شخصی ضمانت پر باہر جانے کی اجازت دی گئی لیکن 17ماہ ہوچکے ہیں ، ثابت ہوچکا ہے ، نواز شریف کا باہر جانا مکمل فراڈ تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوازشریف نے 17 ماہ میں لندن میں علاج نہیں کرایا اور نوازشریف نے جو پنجاب حکومت کو بھیجی وہ مسترد ہوچکی ہیں، ان کی پچھلی رپورٹ موجودہ رپورٹ سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف فراڈ کرکے پاکستان سے گئے ہیں، دو بار پاکستانی ہائی کمیشن نے شریف فیملی سے رابطہ کیا لیکن شریف فیملی نے پاکستانی ہائی کمیشن سے رپورٹ شیئرکرنے سےانکارکردیا۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہبازشریف نوازشریف کو باہر بھیجنے کے فراڈ میں ملوث ہیں، کابینہ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کردی ہے ، نوازشریف کے معاملے پراٹارنی جنرل ہائیکورٹ میں درخواست دیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل ہائیکورٹ سے کہیں گے کہ شخصی ضمانت پر شہبازشریف کو طلب کیاجائے، نوازشریف کی صحت کا جو ڈرامہ کیاگیا وہ درست نہیں تھا، شہبازشریف نے آئین کے آرٹیکل 63کی خلاف ورزی کی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ شہبازشریف کو کہے کہ نوازشریف کو واپس لیکر آئیں اور اگر شہبازشریف واپس نہیں لاسکتے تو ان کیخلاف نااہلی کی درخواست کی جائے گی۔

Watch Live Public News