اسلا آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر کویت کی قیادت، حکومت اور عوام کو تہنیتی مبارکباد پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے وزیر اعظم عزت مآب شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ وزیراعظم نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر کویت کی قیادت، حکومت اور عوام کو تہنیتی مبارکباد پیش کی۔ کویتی وزیراعظم نے عید کی پرتپاک مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس پرمسرت موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کویت میں پاکستانی کمیونٹی کی اچھی دیکھ بھال کرنے پر کویت کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں ، مشترکہ تاریخ اور مشترکہ مفادات پر مشتمل ہیں۔