ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہم ملک کی خاطر وزیراعظم کی آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) میں جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں مخصوص نشستیں نہیں ملتیں تو ریویو فائل کریں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امید تو یہی تھی کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں مختصر فیصلہ آئے گا، ہمیں امید ہے کل مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ آجائے گا۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ہی ملنی چاہئیں، ہم نے قانون کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا ہے اور آرٹیکل 51 کہتا ہے کہ مخصوص نشستیں متناسب نمائندگی کے ساتھ ملیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق منتخب رکن اسمبلی کسی بھی سیاسی جماعت کو جوائن کرسکتا ہے، اگر ہمیں مخصوص نشستیں نہیں ملیں تو ریویو فائل کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم ملک کی خاطر اے پی سی میں جائیں گے، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، ہم ملک کیلئے سوچ رہے ہیں۔