'بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی'

'بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی'
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں، بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے بنی گالہ میں اینکر پرسنز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کا سامنا کرنے کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے، مضبوط قیادت شفاف الیکشن کے ذریعے ہی سامنے آ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ کو آئی ایم ایف کسی صورت نہیں مانے گا، عالمی اداروں کو بھی موجودہ حکومت کی نا اہلی کا یقین ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کو یقین ہے عوا م اس حکومت کے ساتھ نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا ہے، آنے والے دنوں میں آسلام آباد کارُخ کروں گا، ہم نے بڑی تعدد میں عوام کو سڑکوں پر نکال کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبادلے ہو رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ دیگر بھی اہم تعیناتی کی جا رہی ہیں، اہم تعیناتیوں، تقرر و تبادلوں کا واحد مقصد الیکشن چوری کی تیاری ہے،اور ہمیں اس کا اندازہ ہے مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے طاقتور حلقے موجودہ سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں۔ بجٹ کے بعد لگتا ہے حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی عدم استحام سے نکلنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں، انتخابات کی تاریخ ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت سے نکلنے کے بعد میرے سامنے 2 ہی راستے تھے، طاقتورحلقوں سے معافی مانگ کر پاؤں پکڑتا یا عوام کے پاس جاتا، میں نے دوسرا راستہ اپنایا اورعوام کے پاس گیا، لگ رہا ہے حالات سے پریشان تمام حلقے بحران سے نکلنے کا سوچ رہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔