کراچی : روس سے درآمد کی جانے والی خام تیل کی کھیپ کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس سے درآمد کی جانے والی خام تیل کی پہلی کھیپ کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہے، آئل ٹینکر بحری جہاز پیور پوائنٹ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ جہاز پر 45 ہزار ٹن خام تیل لدا ہوا ہے ۔ جہاز کو آج ہی برتھ پر لنگر انداز کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا تھا کہ بحری جہاز عمان پہنچ چکے ہیں اور پاکستان کو سستے تیل کی سپلائی ایک ہفتے میں شروع ہو جائے گی۔روس سے سستا تیل پاکستان آنے والا ہے۔ جیسے ہی روس سے تیل آئے گا، قیمتیں کم ہونا شروع ہو جائیں گی۔پاکستان میں توانائی کے شعبے کا زیادہ تر دار و مدار درآمد ہو کر آنے والے ایندھن پر ہے جبکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیتمیں ابھی تک کافی زیادہ تصور کی جا رہی ہیں۔