پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں چند روز قبل گرنے والا میزائل بھارت کا تھا ، بھارتی وزارت دفاع نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے ناقابل بھروسہ میزائل سسٹم نے پورے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں ڈال دیا. ہمسایہ ممالک کو دھمکیاں دینے والے بھارت کے میزائل سسٹم میں انتہائی سنگین خامیاں سامنے آ گئیں . بھارت نے اپنے میزائل سسٹم کی تکنیکی خامیوں کا اعتراف کر لیا. بھارت نے اعتراف کیا کہ 9 مارچ کو معمول کی کارروائی کے دوران تکنیکی خامی کے باعث حادثاتی طور پر میزائل چل گیا. بھارتی انفارمیشن بیورو کا کہنا تھا کہ حکومت ہند نے اعلی ترین سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا،معاملہ سنجیدہ ہے، میزائل پاکستان میں گرا،واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا یہ بات قابل اطمینان ہے. واضح رہے کہ پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر بھارت کے میزائل سسٹم کی خامیوں کی نشاندہی کر چکے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پریس کانفرنس میں بھارت کی میزائل ٹیم کی صلاحیتوں اور میزائل سسٹم کی کارکردگی پر سوال کیا تھا.