ویب ڈیسک: وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ میں جرگہ کمیٹی کا میزبان ہوں، جرگہ ہماری پختون روایات کا مظہر اور مضبوط حصہ ہے،بدقسمتی سے وفاق کی جانب سے پختون جرگہ پر کارروائی کی گئی،محسن نقوی نے اگر کسی کو سب سے زیادہ نقصان دیا تو مجھے دیا لیکن عوام کے لیے میں ہر ایک کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں۔میں حق کے لیے رکاوٹیں ہٹانا جانتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کالعدم پی ٹی ایم کے نمائندوں سے جرگہ کے بعد میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ جرگہ ہماری پختون روایات کا مظہر اور مضبوط حصہ ہے،بدقسمتی سے وفاق کی جانب سے پختون جرگہ پر کارروائی کی گئی،اس کارروائی سے جرگہ شرکاء کی شہادتیں بھی ہوئیں لوگ زخمی بھی ہوئے، سیکیورٹی فورسز کے بھی 2 اہلکار زخمی ہوئے،میں جرگہ کمیٹی کا میزبان ہوں،وفاق سمیت سب کو آن بورڈ لیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اب میری کوشش ہے کہ امن کو قائم کروں اور حل صرف مذاکرات ہی سے ممکن ہے،جانی نقصان کا کوئی ازالہ نہیں لیکن ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں،آج جو جرگہ ہوگا اس میں امن و امان قائم رکھنے کی ذمہ داری میں نے لی ہے،محسن نقوی نے اگر کسی کو سب سے زیادہ نقصان دیا تو مجھے دیا لیکن عوام کے لیے میں ہر ایک کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ رکھیں گے،جائز مطالبات ہر حال میں تسلیم کیے جائیں گے،میں حق کے لیے رکاوٹیں ہٹانا جانتا ہوں۔