قائداعظم محمد علی جناح کی برسی، گورنراور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری

قائداعظم محمد علی جناح کی برسی، گورنراور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری
کیپشن: قائداعظم محمد علی جناح کی برسی، گورنراور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری

ویب ڈیسک: بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری  نے بابائے قوم کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی،وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ کابینہ کے اراکین نے بھی مزار پر حاضری دی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے ، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن،وزیر داخلہ ضیاء لنجار سمیت دیگر اراکین وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ ہیں ۔

 گورنر سندھ کامران ٹیسوری

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائدکے مزار پر آکر فاتحہ کی، اللہ تعالیٰ ہمیں قائداعظم کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطافرمائے، ہم آج شرمندہ ہیں کیونکہ اس ملک میں 9مئی جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں، ایک سیاسی جماعت کے لیڈران کی گفتگو سب نے سنی، سمجھتا ہوں ہمیں بہت ساری قربانیاں دینا پڑیں گی۔

ان کاکہنا تھا کہ اس ملک میں بیرونی طاقتوں کا بیانیہ فروخت ہورہا ہے،خریدار خرید رہے ہیں، کامران ٹیسوری آج ہمیں معاشی طور پر کمزور کیا جارہا ہے، جو بیانیہ ہم جلسوں میں دے رہے ہیں اس کا معیشت پر فرق پڑے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اگلے ہی ماہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، چائنہ کے وزیراعظم بھی پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، دوروں سے قبل پاکستان میں اس طرح کی سیاسی صورتحال بنائی جارہی ہے، کچھ لوگ دشمن بیانیے کو خرید پر پھر بیچ رہے ہیں، اب قوم کو دیکھنا اور سوچنا ہے، لاکھوں قربانیاں دی گئیں،اب بھی سلسلہ جاری ہے، ہم نے چھ ،سات اور 8ستمبر منایا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ 24کروڑ عوام معاشی بحران میں پھنسے ہوئے ہیں، سیاسی جماعت کے نعرے اور بیانیے پر غور کریں تو لگتا ہے یہ پاکستان میں نہیں کھڑے ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج گورنر صاحب،کابینہ کے ساتھ قائد کے مزار پر خراج عقیدت پیش کرنے حاضر ہوا ہوں، قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں پیارا ملک پاکستان دیا، ہم قائد کے ویژن پر عملدرآمد کریں گے، ملک کو اس جگہ لے کر جائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نےدیکھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملکی حالات پر گورنر سندھ نے تفصیل سے روشنی ڈالی ہے، اللہ اس ملک کی لیڈر شپ کو طاقت دے کہ وہ سیاسی اور معاشی مشکلات سے مقابلہ کرسکیں۔

مرادعلی شاہ کاکہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، فلسطین میں اسرائیلی بربریت جاری ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا، متحد ہوکر عالم اسلام مسلمان مخالف قوتوں کا مقابلہ کریں، اپنی ذاتی رنجشوں کو پیچھے رکھ کر ملکی مسائل کو حل کریں۔

واضح رہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 76 ویں برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ کی برسی کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد ہوں گی جس میں بابائے قوم کو ان کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

Watch Live Public News