پاکستان ٹیلی کیمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ٹویٹر کی اعلی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے تاکہ اعلی عدلیہ کے خلاف قابل اعتراض مواد کو ہٹایا جاسکے۔
پی ٹی اے کی جانب رابطہ اس لیے کیا گیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے خلاف کسی بھی قسم کے غلط ٹرینڈز اور ٹویٹس کو فوری طور پر بلاک یا حذف کیا جا سکے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ٹویٹر انتظامیہ کو خاص طور پر بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے مواد اور رجحانات کی موجودگی آزادی اظہار کی تعریف کے زمرے میں نہیں آتی بلکہ یہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق ٹویٹر انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے غیر قانونی اور نقصان دہ آن لائن مواد کو ختم کرنے کے لئے پی ٹی اے کی درخواستوں پر موثر اور فوری جواب دیں۔
پریس ریلیز میں پی ٹی اے انتظامیہ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی سہولت اور مدد کرنے کے اپنے عزم کو دوہرایا، بشرطیکہ وہ رائج قوانین کے مطابق ہوں۔