چینی نئے سال کے موقع پر سپرنگ فیسٹیول گالا

چینی نئے سال کے موقع پر سپرنگ فیسٹیول گالا

چائنہ میڈیا گروپ نے نئے چینی قمری سال کی آمد کے موقع پر سپرنگ فیسٹیول گالا کے عنوان سے رنگا رنگ پروگرامز ترتیب دیئے ہیں، جن میں جدید ٹیکنالوجی کے مظاہر دیکھنے کیلئے دنیا کے تمام ممالک کے عوام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ہر نئے چینی سال کی آمد پر چائنہ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پر سپرنگ فیسٹیول گالا کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس میلے میں چینی فنکار اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں، جس میں گلوکاری، رقص اور اوپرا خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ گزشتہ 30 سال سے زائد عرصے سے چینی شہریوں کی اس میلے میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت اب ایک روایت بن چکی ہے۔

رواں سال منعقد کئے جانیوالے سپرنگ فیسٹیول گالا میں فنکاروں کی جانب سے چین میں غربت کے خاتمے، وبائی امراض کی روک تھام و تدارک اور روایتی ثقافتی خصوصیات کے تحت حاصل کی گئی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ روایتی ٹی وی چینلز کے علاوہ سپرنگ فیسٹیول گالا کو جدید ٹیکنالوجی کے حامل ذرائع ابلاغ کے پلیٹ فارمز پر بھی پیش کیا جاتا ہے۔

ان ٹیکنالوجیز میں مصنوعی ذہانت اور تھری ڈی کا امتزاج اور مختلف مناظر میں حاضرین کی براہ راست شمولیت بھی شامل ہے۔ اس سال سپرنگ فیسٹیول گالا کو امریکہ، فرانس، اٹلی، روس، جاپان، برازیل، آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات ، ملائشیا اور جنوبی افریقہ سمیت 170 سے زائد ممالک اور خطوں کے تقریباً 600 میڈیا ہاؤسز براہ راست نشر کریں گے۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔