اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا نوازشریف جلد نہ صرف ہمارے درمیان بلکہ کیسز بھی ختم ہوں گے، چند ہفتوں کی بات ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ انصاف کے معاملے میں امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے عدلیہ پر سوالات اٹھ رہے ہیں، ہمارے کیسز میں ثاقب نثار اور جنرل فیض بھی دباؤ ڈالتے تھے، اپنے ووٹ پورے کرانے کے لئے بھی فیض کی خدمات لی جاتی تھیں۔ مریم نواز نے کہا نوازشریف جلد نہ صرف ہمارے درمیان بلکہ کیسز بھی ختم ہوں گے، چند ہفتوں کی بات ہے، اس کے لئے کوششیں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے تکلیف ہے کہ نوازشریف کا کیس صحیح طرح نہیں لڑا گیا، جو قانون سازی کرنی چاہئے تھی وہ یہ حکومت نہیں کرسکی۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مہنگائی حقیقت ہے، آئی ایم ایف نے گلے سے دبوچ رکھا ہے، قریب قریب ریلیف ملنے کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔ جھوٹ بولنا نہیں آتا، سچا الزام بھی لگاتے ہوئے سوچتی ہوں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی محترم بڑے بھائی ہیں، وہ ناراض نہیں، سینیئرز کو اپنے پیچھے کھڑا نہیں کرنا چاہتی، جلسے الیکشن کے قریب کریں گے۔ کیپٹن صفدر کے بیان سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ صفدر انفرادی شخصیت ہیں، وہ اپنی بات کا خود جواب دے سکتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں، اسے ابھی انتخابی اتحاد نہیں کہا جاسکتا، پری الیکشن مہم شروع کر دی ہے، اپنا الیکشن لڑیں گے۔