اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت ، کراچی اور لاہور سمیت پاکستان بھر دیگر شہروں میں بادل برس پڑے، شہرقائد میں مون سون کی پہلی بارش، لانڈھی، کورنگی، ملیر، فیڈرل بی ایریا سمیت کئی علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش، بوندیں گرتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، بارشوں کی شدت سے کئی بڑے شہروں کی سڑکیں ، نہروں میں تبدیل ہو گئیں۔ شہر قائد میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ، نیو کراچی،سرجانی ٹاون،احسن آباد،گلشن معمار نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس کی بجلی بارش کے ساتھ ہی معطل ہو گئی، اس وقت لگ بھگ 500 فیڈرز کی فراہمی متاثر ہے جبکہ 1400 فیڈرز آپریشنل ہیں۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ا عدادو شمار کے مطابق گلشن حدید میں 17ملی میٹر،نوریا آباد میں 8ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی،پی اےایف فیصل 5ملی میٹر،یونیورسٹی روڈ میں 4.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،لانڈھی میں 4ملی میٹر،سعدی ٹاون میں 3.6 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی،جناح ٹرمینل میں 3.2 ملی میٹر،سرجانی میں 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ،سی ٹی او لاہور کی بارش کے دوران شہریوں کی مدد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ، مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہونا شروع ہو گیا ہے، انتظامیہ کی طرف سے خاص طور پر عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ سڑکوں پر پانی نہ کھڑا ہونے دیا جائے۔