غز(پبلک نیوز) عید سے پہلے فلسطینیوں پر اسرائیل نے قیامت ڈھا دی، صیہونی فورسز کی وقفے وقفے سے وحشیانہ بمباری سے 36 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے، اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والوں میں دس بچے بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سفاک اسرائیل کے 80 جنگی طیاروں نے غزہ پر بم برسائے، فلسطینیوں کے گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ ۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت کے بعد حماس نے اسرائیل پر راکٹ حملے کرنے کی دھمکی دی تھی ، پیر کو حماس نے یروشلم پر راکٹ حملے کردیے جس میں 3 اسرائیلی باشندے ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس نے برسوں میں پہلی مرتبہ یروشلم پر راکٹ فائر کر کے ’اپنی حد پار کی ہے۔‘ اس سے پہلے وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ حماس نے ’سرخ لکیر عبور کر لی ہے اور یہ تنازع کچھ عرصے تک جاری رہ سکتا ہے۔‘ واضح رہے کہ مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مقام مسجدِ اقصیٰ اور اس کا قریبی علاقہ رمضان کے مہینے میں پرتشدد جھڑپوں کا مرکز رہا ہے۔ یہاں سنہ 2017 کے بعد سے بدترین تشدد دیکھا گیا ہے۔ ہلال احمر کے مطابق یہاں گذشتہ چند دنوں کے دوران 700 سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے تھے