جان دینے کیلئے تیار ہوں، امریکی غلامی نہیں مانو ں گا

جان دینے کیلئے تیار ہوں، امریکی غلامی نہیں مانو ں گا
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جیل جانے کیلئے تیار ہوں ، جان دینے کیلئے بھی تیار ہوں، امریکی غلامی نہیں مانو گا، یہ ہماری حقیقی آزادی کی جنگ ہے. چیئرمین پی ٹی آئی عمران خٌان کا اٹک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم آزاد قوم ہیں،کبھی غلامی قبول نہیں کریں گے، دلیر نوجوان اس حقیقی آزادی میں شرکت کریں، ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا آزاد ہونا ہے کہ امریکا کی غلامی کرنی ہے، اللہ کے سوا کسی کی غلامی نہیں کریں گے. عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے یہ سیاست نہیں جہاد ہے، جب تک زندہ ہوں ان چوروں ،ڈاکوؤں ، غلاموں کو قبول نہیں کروں گا، ہمارے ملک میں ایک فیصلہ کن وقت ہے،بڑافیصلہ ہونے جارہا ہے، ہمیں انگریزوں کی جنگوں میں حصہ لینا پڑا، امریکا نے مشرف کواپنی جنگ میں شامل ہونے کی دھمکی دی، امریکا نے دھمکی دی بم مار کرپتھر کے زمانے میں بھیج دیں گے، پرویزمشرف نے امریکی دھمکی کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے. ان کا کہنا تھا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا،اس ملک کے کرپٹ ترین لوگ جنہیں میں تھری سٹوجز کہتا تھا،ایک بھائی باہر بیٹھ کر اداروں پر تنقید کرتا ہے اور دوسرا بوٹ پالش کرتا ہے،ان لوگوں نے امریکا کے ساتھ مل کر یہاں سازش کی،ہمارے لوگوں کو امریکی سفارتخانہ میں بلوایا گیا،ڈونلڈ لو نے کہا عمران خان کو ہٹا دیا تو ہم آپ کو معاف کر دیں گے،انہیں پتہ تھا کہ عمران خان کی جگہ چیری بلاسم آجائے گا. عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے ہینڈلرز یہاں بیٹھے ہوئے تھے، مل کر سازش کی اور حکومت گرا دی، ہم نے پاکستان کو مشکل وقت سے نکال لیا تھا، ان دونوں نے مل کر 10 سال تک ڈاکے مارے،ہم نے سب مشکلات کے باوجود ملک کو کھڑا کیا،تیسرے سال میں ترقی کی شرح 5اعشاریہ6 فیصد تھی،ہم نے سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، جو لوگ سازش روک سکتے تھے انہیں آگاہ کر دیا، قیامت کی نشانی ہے آصف زرداری نیب کی اصلاح کر رہا ہے، جو ملک سے بھاگا ہوا ہے وزیراعظم اس سے مل کر فیصلے کر رہے ہیں،اگر یہ کامیاب ہو جاتے ہیں تو ہمارا ملک تباہی کی طرف جاتا ہے. عمران خان نے کہا کوئی ان کے خلاف کھڑا نہیں ہو گا، یہ کھل کر چوری کریں گے اور ملک کو لوٹیں گے،انتخابات کے اعلان تک ہماری تحریک جاری رہے گی.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔