ویب ڈیسک: 12 مئی کا عالمی سطح پر ماؤں کے عالمی دن کے طور پر منایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان میں مختلف سیاسی شخصیات نے بھی دن کی مناسبت سے پیغامات جاری کیے ہیں۔
مدر ڈے کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پیغام:
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مدر ڈے کے موقع پر دنیا بھر کی ماؤں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ماں کا رشتہ قدرت کا انمول تحفہ ہے۔ ماں کے رشتے کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں۔ ماں سے محبت کا اظہار کسی دن کا محتاج نہیں۔ ماں کی محبت انسان کو ناممکن کو ممکن کردینے کے قابل بناتی ہے۔ قوم ان ماؤں کی مقروض ہے جن کے بیٹے وطن عزیز کے وقار اور تحفظ کے لیے شہید ہوئے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی ماؤں کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین و مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماؤں کی آنکھوں کے سامنے ہزاروں بچوں کا قتل عام دنیا کے جدید اصولوں اور عالمی انسانی حقوق کے منافی ہے۔ پارلیمنٹ میں خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔ آج جو کچھ ہوں وہ اپنے والدین کی دعاؤں اور تربیت کی وجہ سے ہوں۔ دنیا اور آخرت کی کامیابیاں اور کامرانیاں ماں جیسے عظیم رشتے کی مرہون منت ہے۔
ماں جیسے پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں،محسن نقوی
ماں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت کسی مخصوص دن سے بالاتر ہے، دنیا میں سب سے خوبصورت اور میٹھا لفظ ماں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیار، خلوص اور شفقت جیسے سچے جذبوں میں گوندھے ہوئے اس پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں، ماں کی گود میں سر رکھ کر باتیں کرنے اور سونے میں جو سکون ملتا ہے وہ دنیا کے قیمتی ترین بستر پر بھی نصیب نہیں ہو سکتا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے ماں کی دعاؤں سے اس مقام پر پہنچایا ہے، والدہ مرحومہ کی کمی زندگی کے ہر موڑ پر محسوس کرتا ہوں اور ان کی خوبصورت یادیں اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ ہیں، تمام ماؤں کی عظمت کو سلام پیش کرتاہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وطن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کی ماؤں کو بھی سلیوٹ کرتا ہوں، دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر ماں کو سلامت رکھے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا پیغام:
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔ جس میں انہوں نے ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے عظیم ماں، تجھ پہ لاکھوں سلام۔ سال کاایک دن نہیں، زندگی کا ہر دن ماں کا ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام ماؤں کو سلامت رکھے۔
انہوں نے لکھا کہ لازوال اور بے لوث محبت، احساس اور خیال کا دوسرا نام ہے ماں۔ آج بھی ماں کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ آج کے دن شھداء کی ماؤں کو بھی یاد رکھیں۔ شہداء کی ماؤں کا پورا ملک احسان مند ہے۔ شہداء کی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پیغام:
"ماواں ٹھنڈیاں چھاواں "، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماؤں کے عالمی دن پر پیغام جاری کردیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سراپا شفقت و عنایت ماؤں کی عظمت کو سلام۔ مدر ڈے غزہ اور کشمیر کی پرعزم اور حوصلہ مند ماؤں کے نام۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زندگی کی چلچلاتی دھوپ میں ماں ٹھنڈی چھاؤں کی مانند راحت وسکون ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کو ماں کی محبت سے تشبیہ دیکر درجہ بلند کردیا۔ ماں، سچے جذبے اور رشتے کا نام ہے۔ مائیں خاندان کا سنگ بنیاد اور معاشرت کا ستون ہیں۔
مدر ڈے ماؤں کی غیر معمولی محبت اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ مدر ڈے اور ہر دن اپنی عظیم ماں کی کمی محسوس کرتی ہوں۔ ہمیشہ والدہ محترمہ کلثوم نواز شریف کی محبتوں کی شکر گزار رہوں گی۔ والدہ محترمہ کی دعاﺅں کی بدولت آج اس منصب پر ہوں۔ ماں کی خدمت کو شعار بنانے والے دنیاو آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔
عبدالعلیم خان کا ماؤں کو خراج تحسین:
ماؤں کے عالمی دن پر صدر استحکام پاکستان پارٹی و وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ماؤں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ماں وہ ہستی ہے جس کا دنیا بھر میں کوئی بھی نعم البدل ہو ہی نہیں سکتا۔ تمام ماؤں کو سلام، ماں سے میٹھا، مخلص، بے غرض اور سچا رشتہ کوئی نہیں۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ جو مائیں رحلت فرما گئیں اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔ جن کی ماں حیات ہے اللہ تعالیٰ انہیں ہمیشہ سلامت رکھے۔
عظمیٰ بخاری کا ماؤں کے عالمی دن پر پیغام:
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ ماں خالق کائنات کا بنایا سب سے خوبصورت رشتہ ہے۔ ماں ہر گھر کا سکون اور دل کا چین ہے۔ ماں کی بے لوث محبت کا ہم کبھی شکریہ ادا نہیں کرسکتے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ہماری ماں کی طرح تھی۔ آج ان کی بھی شدت سے یاد آرہی ہے۔ بیگم کلثوم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت آج ان کی بیٹی پنجاب کی تمام ماؤں کی آواز بنی ہے۔ مریم نواز پنجاب کی خواتین کے ساتھ ماں جیسی شفقت اور رویہ اختیار کیے ہیں۔ مریم نواز پنجاب میں جہاں بھی جاتی ہیں۔ لوگوں سے ایک درد دل رکھنی والی ماں کی طرح پیش آتی ہیں۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اس لیے مریم نواز کو خواتین میں پذیرائی مل رہی ہے۔ آج میں جس مقام پر ہوں میری ماں کی دعاؤں کا ثمر ہے۔ اللہ تعالیٰ کے بعد ہر فرد پر ماں کے سب سے زیادہ احسانات ہیں۔ نئی نسل کو والدین کی عزت و تکریم ملحوظ خاطر رکھنی چاہیے۔ "ماواں ٹھنڈیاں چھاواں" ماں کی دعائیں ہروقت ہمارے ساتھ رہتی ہیں۔ ماں کا سایہ ہمیشہ ہمارے سروں پر قائم دائم رہے۔