ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے اداروں کی نجکاری ضروری ہے۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام پری بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمارے ایجنڈے میں نجکاری شامل ہے ،اس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بھی ہوگی، ایسی کوئی بات نہیں کہ ہم صرف غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیکس ٹو جی ڈی پی، انرجی اور پرائیویٹائزیشن پر کام کرنا ہے، ہم نے کہیں نہ کہیں سے ٹیکس نیٹ کا آغاز کرنا ہے، تاجروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے، کل مذاکرات کا آغاز ہوگا، آئی ایم ایف سے 9 ماہ کا اسٹینڈ بائی معاہدہ ہوا، نگران حکومت کو بھی پورا کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے ذمہ داری دکھائی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں اس وقت میکرو اکنامک استحکام نظر آ رہا ہے، روپے کی قدر مستحکم اورافراط زر میں کمی آرہی ہے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام پری بجٹ کانفرنس 25-2024 کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کانفرنس میں صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرم شیخ نے بھی شرکت کی۔