لاہور ( پبلک نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جاری فہرست میں تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کا نام شامل نہیں ہے۔ ریٹرننگ آفیسر نے پی ٹی آئی امیدوار کے کاغذات نامزدگی تائید کنندہ کا مختلف حلقہ سے ہونے کی بنیاد پر مسترد کیے تھے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا اقدام چیلنج کر رکھا ہے۔ الیکشن کمیشن کی حتمی فہرست میں 11 امیدوار شامل ہیں جن میں ن لیگ کی شائستہ پرویز ملک اور پی پی امیدوار اسلم گل کے نام موجود ہیں۔ واضح رہے کہ این اے 133کے الیکشن 5 دسمبر کو شیڈول ہیں، این اے 133 کی سیٹ ن لیگ کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔