سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بڑا دعویٰ اور پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) آئندہ الیکشن سے پہلے ٹوٹ جائے گی۔ یہ دعویٰ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ مفتاح اسماعیل کے رونے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا خطاب ایک بہانہ ہے، اصل میں نواز شریف کو منانا ہے۔ ن اور ش کی سیاست آر پار ہو جائے گی اور پی ڈی ایم الیکشن سے پہلے ٹوٹ جائے گی۔ اگر 2 مہینوں تک سیلابی پانی نہیں نکالا تو گندم، کپاس اور گنے کی بوائی نہیں ہو پائے گی، پھر کسان کیا کرے گا اور غذائی بحران پیدا ہوگا۔ شیخ رشید نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ گندم کی قیمت 2 ہزار سے 4 ہزار من مقرر کرنا غریب کو گھاس کھانے پر مجبور کرنا ہے۔ سردیوں سے پہلے ہی گیس کا شارٹ فال شروع ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی چندے کی ایمانداری کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے۔ نہ کوئی غیر ملکی امداد ملی نہ ملکی امداد کی ساکھ ہے۔ عمران خان کی ٹیلی تھون دکھانے پر بھی پابندی ہے۔ https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1569198435621912582?s=20&t=3UfHY8NHEXx686iOepYhFg انہوں نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ تناؤ اور کھچاؤ بحران پیدا کرے گا۔ عمران خان کی جیت کے ڈر سے 11 حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے۔ مفتاح اسماعیل کے رونے سے بجلی اور پٹرول سستا نہیں ہوگا۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایل سی نہیں کھلے گی تو کارخانے کیسے چلیں گے؟ سندھ میں غذائی قحط ہوگا۔ گندم، کپاس اور گنا نہ ہوگا۔ لاڑکانہ، نواب شاہ تک بھی مدد نہی پہنچی۔ صرف الیکشن ہی حل ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔ معاشی تباہی، سیاسی عدم استحکام اور مہنگائی انہیں لے ڈوبے گی۔ لوگ خود بخود سڑکوں پر ہوں گے۔ سیلاب نے پیپلز پارٹی کی سیاست دفن کر دی ہے۔ نواز شریف، شہباز شریف کی بات نہیں مانے گا۔ عمران کو نااہل کرنا، مائنس کرنا اور جیل بھیجنا ممکن نہیں ہے۔ عدلیہ کی دانشمندی عنقریب الیکشن کروائے گی۔