محسن نقوی،مریم نواز ،سرفرازبگٹی سمیت دیگر شخصیات کی نوشکی واقعہ کی مذمت

محسن نقوی،مریم نواز ،سرفرازبگٹی سمیت دیگر شخصیات کی نوشکی واقعہ کی مذمت
کیپشن: محسن نقوی،مریم نواز ،سرفرازبگٹی سمیت دیگر شخصیات کی نوشکی واقعہ کی مذمت

پبلک نیوز:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی سمیت دیگرسیاسی و سماجی شخصیات نے نوشکی میں اغواء کے بعد بس مسافروں کے قتل کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوشکی میں اغواء کے بعد بس مسافروں کے قتل کے واقعہ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ نوشکی میں قومی شاہراہ پر پیش آنے والے اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کیجائے کم ہے،ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری 

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے نوشکی میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے قلع قمع کے لئے پوری قوم سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے،نوشکی واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

سندھ کے وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ضیاءالحسن لنجار 

سندھ کے وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ضیاءالحسن لنجار نےنوشکی دہشتگردی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔
وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر بلوچستان سمیت ملک کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔ سیکورٹی فورسز دہشتگردوں سے پاک وطن کو پاک کرکے دم لیں گے۔ہمیں ملکر نفرت کی آگ کو مٹانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں اور ایک رہیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوشکی  بلوچستان میں  نہتے لوگوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ یہ انتہائی دل تکلیفدہ اور افسوسناک واقعہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ  دہشتگرد پاکستان کے امن  اوراس کی  خوشحالی کے دشمن ہیں،ایسے ناسور عناصر کو ملک میں پنپنے نہیں دیا جائے گا،نفرت  کی فضا قائم کرنے والوں کے لیے اس ملک میں کوئی جگہ نہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق افراد کے  بلند درجات کے لیے دعا کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی 

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے نوشکی کے علاقے میں 11 افراد کی قتل کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

 اپنے مذمتی بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بے گناہ مسافروں کو قتل کرنے والے دہشت گردوں کو معاف نہیں کریں گے اور ان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، مسافروں کا قتل غیر انسانی فعل ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مزید کہا ہے کہ نہتے اور معصوم افراد پر بزدلانہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کا ہر جگہ پر پیچھا کریں گے، حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا مقصد بلوچستان کے امن کو تباہ کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری 

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نےنوشکی بلوچستان میں دہشتگردی کی مذمت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان محصوم انسانوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے نوشکی میں قتل ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار  کیا اور کہا ہے کہ بیگناہ اور محصوم انسانوں کے قاتلوں کو عبرت ناک سزا ملے گی، بلوچستان میں خونریزی کرنے والےبلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔

Watch Live Public News