بونیر سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن،انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

بونیر سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن،انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک
کیپشن: Intelligence-based operation of Buner security forces, most wanted terrorist killed

ویب ڈیسک:سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک اور اس کے دو ساتھیوں کو زخمی کر دیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بونیر میں آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 دہشتگرد زخمی ہوئے جبکہ دہشتگردوں سے مقابلے میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک حسیب جاوید اور حوالدار مدثر محمود شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ دہشتگرد سلیم عرف ربانی سکیورٹی فورسزکےخلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد سلیم انتہائی مطلوب تھا اور  حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقررکر رکھی تھی۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

2 جوانوں کی شہادت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اظہارافسوس:

ضلع بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوراں فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے دو جوانوں کی شہادت پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ 

وزیر اعلی نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ملک میں امن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قوم کے عزم کو مزید پختہ کرتی ہیں۔

کامیاب آپریشن پر گورنر سندھ کی سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد:

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے بونیر میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی ہے۔ 

اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا ہے کہ انتہائی مطلوب دہشتگرد سلیم ربانی کو جہنم واصل کرنے والے جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے حولدار مدثر اور لانس نائیک حسیب جاوید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ شہدا پوری قوم کا فخر ہیں۔