اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو مایوسی اور بحران کا سامنا ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ایک بار پھر میثاق معیشت کی پیشکش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے 75ویں یوم آزادی پر تحریک آزادی کے جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، تاریخ گواہ ہے لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے بعد ہم نے وطن عزیز حاصل کیا، ہرسال دھوم دھام سے یوم آزادی مناتےہیں، 75ویں یوم آزادی کے موقع پر دنیابھر میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قائداعظم کا عمل اور علامہ اقبال کی فکر ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہماری قوم ہر مقصد کو کامیاب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، آج قوم کو مایوسی کے ایک اور بحران کا سامنا ہے، انتشار اور نفرت کے بیج بوئے جا رہے ہیں، قوم کو تقسیم درتقسیم اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے پیدا کردہ معاشی صورتحال نے صورتحال کو سنگین بنادیا ہے، آج مالی محتاجی ہماری شناخت بن گئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے مختصر وقت میں پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئےدن رات محنت کی، پاکستان معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے، سابق حکومت نے48ارب ڈالرز کا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تجارتی خسارہ چھوڑا، اس تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے ہمیں قرض لینا پڑا،کیا یہ ہے حقیقی آزادی؟۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ حکومت کی غفلت کے باعث گندم باہر سے منگوانے پر مجبور ہیں، گزشتہ حکومت نے ایل این جی سستی ہونے پر کوئی معاہدہ نہیں کیا، سابق حکومت نے سی پیک منصوبے بند کرکے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی روپیہ دن بدن مضبوط ہو رہا ہے، اربوں ڈالرخرچ کر کے باہر سے تیل اور گیس منگوا کر مہنگی بجلی پیدا کرتے ہیں، ہم نے ہزاروں میگاواٹ کے سولرکے منصوبے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔