محکمہ موسمیات کی 18اگست تک مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی 18اگست تک مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی 18اگست تک مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے جشن آزادی کے دن سے سہانے موسم کی نوید سنادی ، محکمہ موسمیات نے 14 اگست شام یا رات سے 18 اگست کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغرب، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک پر اثر انداز ہوں گی۔

ہواؤں کی وجہ سے اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 اگست کی شام یا رات سے 18 اگست کے دوران سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ 

خیبرپختونخوا
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں کل سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، کل 14 اگست سے 16 اگست کے دوران طوفانی بارش متوقع ہے، بارشوں کا سلسلہ 18 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، میدانی علاقوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مزید مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پشاور میں بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، جنوبی و شمالی وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتراضلا ع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، لورالائی اورزیارت میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ اور تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ، قلات میں 34، ژوب میں27 اور زیارت میں 25 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ سبی میں درجہ حرارت 45، نوکنڈی میں 46، گوادر میں 34 اور جیونی میں 33 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Watch Live Public News