رمضان شوگر مل ریفرنس، حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست

رمضان شوگر مل ریفرنس، حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی جانب سے رمضان شوگر مل ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ قومی احتساب بیورو ( نیب) کورٹ نے آج شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کیخلاف مختلف ریفرنسوں کی سماعت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نیب عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور کیسوں میں حاضری مکمل کروائی جبکہ دوسری جانب حمزہ شہباز کی جانب سے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت رمضان شوگر مل ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کی گئی۔ اس پر نیب عدالت نے قومی احتساب بیورو ( نیب) حکام سے 20 دسمبر جواب طلب کر لیا ہے۔ نیب کورٹ نے حمزہ شہباز کی کی حاضری کی معافی کی درخواست قبول کرتے ہوئے انھیں ایک دن کیلئے استثنیٰ دیدیا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائدین کی نیب کورٹ میں پیشی کے موقع پر نیب عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ عدالت میں پیشی کے میڈیا سے گفتگو میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے حکومت اور اس کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روز بروز بڑھتی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے بے بسی کے عالم میں حکمرانوں کو بددعائیں دینا شروع کر دی ہیں۔ اس موقع پر لیگی رہنما ملک احمد خان نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ حمزہ شہباز شریف کو غیر قانونی طور پر 2 سال تک جیل میں رکھا گیا۔ اس کے علاوہ میاں شہباز شریف کو بھی کسی اور مقدمے میں بلوا کر دوسرے کیس میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

Watch Live Public News