پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے بالاخر شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے اور وہ بھی بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کیساتھ۔ اداکارہ میرا ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں اور اپنے کیرئیر اور زندگی کے بارے میں باتیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کے فن اداکاری میں قدم رکھ دیا تھا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ میری ابھی تک شادی نہیں ہوئی۔ تاہم اگر ان کو موقع ملتا تو وہ اپنے ساتھی اداکار ریمبو کو اپنا جیون ساتھی بناتیں۔ اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ اب وہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن اس کیلئے ان کی کچھ شرائط ہیں وہ یہ کہ میرا ہونے والا شوہر غیرت مند اور سادات خاندان سے ہو۔ انہوں نے اپنی عمر کے بارے میں دلچسپ بات کرتے ہوئے کہا کہ وکی پیڈیا اور گوگل پر میرے بارے میں غلط معلومات ہیں، ان کو ٹھیک کرنا ضروری ہے۔ اداکارہ میرا نے بالی ووڈ اداکارسلمان خان کو دنیا کا بہت بڑا سپر سٹار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ مجھ سے شادی کی خواہش کا اظہار کریں تو میں ان کو ناں نہیں کہہ سکوں گی۔ یہ بھی پڑھیں: عتیق الرحمان کیساتھ شادی کا تنازعہ، اداکارہ میرا کی اپیل خارج خیال رہے کہ گذشتہ ماہ لاہور ہائیکورٹ نے عتیق الرحمان کیساتھ شادی کے تنازعہ پر اداکارہ ارتضیٰ رباب عرف میرا کی اپیل خارج کر دی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس انوار حسین نے اداکارہ ارتضی رباب عرف میرا کی اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے اداکارہ میرا اور ان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر اپیل عدم پیروی خارج کی۔ عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بار بار کیس کال کرنے کے باوجود اداکارہ میرا اور ان کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔ میرا نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا اور عتیق الرحمن کے نکاح کو درست قرار دیا تھا۔ اس سے قبل رواں سال فروری میں لاہور کی ایک مقامی عدالت نے پاکستانی اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیتے ہوئے تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کردی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج مظہر عباس نے اداکارہ میرا کی اپیل پر فیصلہ سنایا تھا۔ فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف میرا نے اپیل دائر کر رکھی تھی۔ فیملی کورٹ نے بھی اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا تھا۔ اداکارہ میرا کا مؤقف تھا کہ وہ عتیق الرحمان کی بیوی نہیں ہیں اور عتیق الرحمان نے جعلی نکاح نامہ تیار کرایا۔ واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے جولائی 2009ء میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ فیملی کورٹ نے 9 سال بعد 2018ء میں فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا تھا۔ فیملی جج بابر ندیم نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں اداکارہ میرا کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے عتیق الرحمان سے ان کے نکاح کو حقائق پر مبنی قرار دیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ میرا کا نکاح نامہ حقائق پر مبنی ہے اور نکاح خواں نے باقاعدہ نکاح نامے کی تصدیق بھی کی۔ عدالت کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان تنازع ایک گھر سے شروع ہوا۔ تاہم اداکارہ میرا کے وکیل کا ابتدا سے موقف تھا کہ عتیق الرحمان سستی شہرت کے لیے میرا کا شوہر ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں اور ان کے پاس نکاح ثابت کرنے کے لیے کوئی اصلی دستاویزات بھی موجود نہیں ہیں۔