حکومت نے غریب عوام کو مہنگائی کا ایک جھٹکا دیتے ہوئے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔ نیپرا نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ اپریل کی ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ ٹیرف میں اضافے کا اطلاق جون کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔ نیپرا ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔