ای سی سی کی یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی 300 روپے فی کلو فراہم کرنے کی منظوری

ای سی سی کی یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی 300 روپے فی کلو فراہم کرنے کی منظوری
اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی 300 روپے فی کلو فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کے یوٹیلٹی اسٹورز پر ریلیف پیکج میں 30جون تک توسیع کی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 3 ارب 44 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ، چار طیاروں کی لیز پر عائد 17 فیصد سیلز ٹیکس کی 1.58 ارب کی ادائیگی کی منظوری بھی دی، یہ طیارے حج آپریشن کودیکھتے ہوئے 9.388 ارب کی لیز پر حاصل کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ای سی سی اجلاس میں گلگت سے شندور شاہراہ کی تعمیر کیلئے 4ارب روپے کے اضافی فنڈز کی فراہمی اور بجلی کے ٹیرف کی ری بیسنگ کےمنصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتوں میں فرق کی ادائیگی کیلئے 25.61 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ اور وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 535.8 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔