(ویب ڈیسک ) فیصل آباد میں ڈسپوزل اسٹیشن میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں ارسلان ، برہان ، محمد شفیق اور اصغر شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 4 ملازم کام کے دوران ڈسپوزل میں کرنٹ لگنے سے گرے۔ ریسکیو اہلکار بھی بچانے کی کوشش کے دوران کرنٹ لگنے سے ڈسپوزل میں جا گرا ۔
اس حوالے سے ریسکیو کا کہنا ہے کہ ڈسپوزل اسٹیشن کی موٹر میں کرنٹ آنے سے حادثہ پیش آیا ، واٹر ڈسپوزل اسٹیشن پر ملازم کام رہے تھے کہ ایک ملازم کو کرنٹ لگا ، باقی چار ملازم جس میں ریسکیو اہلکار بھی شامل اس ملازم کو بچاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے ۔
ریسکیو کے مطابق ڈسپوزل اسٹیشن کی گہرائی 40 فٹ کے قریب ہے ، ڈسپوزل اسٹیشن کے پانی میں کرنٹ آنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ۔
ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈجکوٹ میں ڈسپوزل سٹیشن پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 5 ورکرز کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ مریم نواز نے سینیٹری ورکرز کی حفاظتی انتظامات کے بغیر کام کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کے بغیر ڈسپوزل سٹیشن اور مین ہول کی صفائی کرانے پر کارروائی ہوگی۔ آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔