پاکستان کو بیرونی نہیں اندرونی خطرہ ہے،مریم نواز

پاکستان کو بیرونی نہیں اندرونی خطرہ ہے،مریم نواز
لاہور: چیف آرگنائزرز مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ بیرونی نہیں اندرونی خطرہ ہے، جب ملک کی بات آئے گی تو اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزرز مریم نواز نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ مریم کو کمپین کی آزادی ہے مجھے نہیں، مجھے یہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی گئی بلکہ میں نے یہ آزادی چھین کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، عمران خان کے دور میں بھی دفعہ 144 اور پابندیاں لگائی جاتی تھیں۔ عمران خان کو کس نے کہا کہ بستر کے نیچے چھپ جاؤ، میں نکلتی تھی اور پتھر بھی کھاتی تھی۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کی فہرستیں جاری نہیں کیں، اس نے کہا میرے تحفے میری مرضی، شہباز شریف نے توشہ خانہ کی فہرستیں جاری کر دیں، جس نے چوری نہیں کی ہوتی وہ ڈرتا نہیں۔ مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ لیڈر بہادر ہوتے ہیں اور عوام کی قیادت کرتے ہیں، مشرف دور میں نواز شریف نے کہا لاکھ پابندیاں لگاؤ باہر ضرور نکلوں گا۔انہوں نے کہا کہ ظل شاہ شہید ہوا تو عمران خان نے اس کی لاش پر سیاست شروع کر دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بیٹی کے معاملے پر سچ نہیں بول سکتا، قوم کی بیٹیوں کا کیسے خیال رکھ سکتا ہے، میرے والد کو میری فکر ہوتی ہے، فون کر کے پوچھتے ہیں بیٹا جلسے میں پہنچ گئی ہو۔ چیف آرگنائزرز مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم تھے تو ایک ملک نے انہیں جہاز سے اتار دیا، جو لوگ اسے کندھوں پر بٹھا کر لائے تھے انہوں نے بھی اسے سر سے پکڑ کر پھینک دیا۔ مریم نواز نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال ہے، آئی ایم ایف ایسے برتاؤ کرتا ہے جیسے ہم کسی کی کالونی ہیں، آئی ایم ایف سے بات کریں تو کہا جاتا ہے آپ پر اعتماد نہیں پہلے یہ اقدامات کریں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔