اسلام آباد(پبلک نیوز) فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئی تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے.
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں.
وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے DG ISI کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئ تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے، ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 13, 2021
واضح رہے کہ گزشتہ روز اس معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا تھا کہ رات کو جنرل باجوہ اور وزیراعظم کی طویل نشست ہوئی، بہت سے لوگوں کی خواہشیں ہیں کہ سول ملٹری تعلقات خراب ہوں، دونوں کا ایک دوسرے سے قریبی رابطہ اور خوشگوار تعلق ہے، نئے ڈی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے لیے قانونی طریقہ اختیار کیا جائے گا، اور وزیراعظم اس معاملے میں اتھارٹی ہیں .
وفاقی وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کابینہ اجلاس کے بعد اہم پریس کانفرنس میں کہا کبھی بھی وزیراعظم آفس ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج کی عزت میں کمی ہو، نہ ہی پاکستان کی فوج کوئی ایسا قدم اٹھائے گی جس سے سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی ہو گی.
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر اداروں کے درمیان تصادم کی خبریں آ رہی تھی، کہا جا رہا تھا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور پاک فوج میں ڈیڈ لاک برقرار ہے . -