اسلام آباد ( پبلک نیوز) ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 61 افراد متاثر ہوئے راولپنڈی میں ایک روز میں 122 افراد مختلف اسپتالوں میں داخل ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے مزید 61 افراد متاثر ہوئے۔ مریضوں کی مجموعی تعداد 1403 ہوگئی،،اب تک وائرس 5 زندگیاں بھی نگل چکا ہے۔ ایک روز میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 42 کیس رپورٹ ہوئے جہاں ڈینگی کے کل 937 مریض ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد کے شہری علاقوں میں 19 کیس سامنے آئے،متعلقہ مقامات پر کیسزکی مجموعی تعداد 466 ہوگئی۔ ڈی ایچ او راولپنڈی کے مطابق شہر میں 24 گھنٹوں میں 122 افراد مختلف ہسپتالوں میں داخل ہوئے، زیرعلاج 5 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈی ایچ کیو اسپتال 14، ہولی فیملی 90 اور بے نظیر بھٹو اسپتال میں 18 مریض زیر علاج ہیں ۔ راولپنڈی میں اب تک ڈینگی سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔