'جو بھی چوروں کو این آر او دے رہا ہے وہ ملک کا غدار ہے'

'جو بھی چوروں کو این آر او دے رہا ہے وہ ملک کا غدار ہے'
مردان : سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جو بھی چوروں کو این آر او دے رہا ہے وہ ملک کا غدار ہے،، اگر مجھے جیل میں ڈالا تو زیادہ زور سے مقابلہ کروں گا۔ مرادن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اتوار کو ملک کی تاریخ کا اہم الیکشن ہونے جا رہا ہے ، مجھے جتوانا سب کی ذمہ داری ہے۔الیکشن کمشنر چوروں کے ساتھ ملا ہوا ہے، مخالفین نے دس سے پندرہ ہزار جعلی ووٹوں کی پلاننگ کی ہوئی ہے،ہم دھاندلی کے باوجود ان کو شکست دیں گے، آج پاکستان کے عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ میں کرپٹ ہوتا تو آج دم دبا کر نواز شریف کی طرح ملک سے بھاگا ہوا ہوتا، چیلنج کرتا ہوں کسی وزیراعظم نے اتنا پیسا نہیں بچایا، جتنا میں نے بطور وزیراعظم بچایا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سوات اور قبائلی علاقے میں ہونے والی گڑبڑ کی ذمہ دار ہے، سرحدیں وفاق کے کنٹرول میں ہیں، لوگوں کو کیوں آنے دیا گیا؟ ۔ ہماری حکومت میں ہم نے دہشتگردی پر قابو پالیا تھا، میں 20سال کہتا رہا کہ ہمیں امریکی جنگ میں شریک نہیں ہونا چاہئے،اُس جنگ میں 80ہزارہمارے لوگ شہید ہوئے۔پاکستان میں کوئی ٹی ٹی پی نہیں تھی، امریکی جنگ لڑی تو پاکستان میں دہشت گردی شروع ہوگئی، جب میری حکومت تھی میں نے ایک ڈرون اٹیک نہیں ہونے دیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ اعظم سواتی کو بھی برہنہ کرکے تشدد کیا گیا، ان کو شرم آنی چاہئے، پہلے شہباز گل پر اور اب اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا،ظلم کرنے والوں سے لوگ نفرت کرتے ہیں۔تمام اداروں سے کہتا ہوں غلط فہمی میں نہ رہیں کہ تشددکرکے عزت کرالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کا فیصلہ کن وقت ہے، میں نے کال دینی ہے جو زیادہ دیر نہیں ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔