پی آئی اے نے 18 سال بعد راس الخیمہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا

پی آئی اے نے 18 سال بعد راس الخیمہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا
ویب ڈیسک: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) نے 18 سال کے وقفے کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں راس الخیمہ کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ پی آئی اے پہلے ہی متحدہ عرب امارات کی دوسری امارات جیسے کہ دبئی، ابوظہبی اور شارجہ کے لیے متواتر فلائٹ آپریشن کر چکا ہے۔ دریں اثنا پی آئی اے کے راس الخیمہ کے لیے فلائٹ آپریشن سے توقع ہے کہ تیل سے مالامال خلیجی ملک میں پاکستانی تارکین وطن کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ پی آئی اے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آر کے ٹی) پر 18 سال کے وقفہ کے بعد پی آئی اے کے آپریشنز کے آغاز کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی۔ ایک ہفتہ قبل ایئر بلیو نے پہلی بار راس الخیمہ کے لیے اپنا آپریشن شروع کیا۔ راس الخیمہ ( رأس الخیمة) متحدہ عرب امارات کی سات امارات میں سے ایک ہے۔ یہ اپنے پہاڑوں، ساحلوں اور تاریخی ثقافت کے لیے جانا جاتا ہے۔ دریں اثنا گلف نیوز کے مطابق راس الخیمہ کے علاوہ پی آئی اے جولائی میں متحدہ عرب امارات میں فجیرہ کے لیے اپنا آپریشن شروع کرنے والی تھی۔ تاہم فجیرہ کے لیے فلائٹ آپریشن ابھی شروع نہیں کیا گیا۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔