قابلِ تجدید توانائی ہی پاکستان کا مستقبل ہے، وزیراعظم

قابلِ تجدید توانائی ہی پاکستان کا مستقبل ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قابلِ تجدید توانائی کے استعمال سے سستی بجلی پیدا ہوگی اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق شمسی توانائی منصوبوں کے حوالے سے کل ایک پری بڈنگ کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قابلِ تجدید توانائی ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور متبادل توانائی کا استعمال کرتے ہوئے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بھی کم ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے درآمدی بل کا بڑا حصہ بجلی پیدا کرنے کے لیے مہنگا ایندھن درآمد کرنے میں خرچ ہوجاتا ہے، اسی لیے ضروری ہے کہ ہم قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کی جانب بڑھیں تاکہ قیمتی زرِ مبادلہ بچ سکے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ شمسی توانائی منصوبوں کے حوالے سے کل ایک پری بڈنگ کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے اِن خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں ایک چینی کمپنی زونرجی( Zonergy )کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی صدرات ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور صدر زونرجی کارپوریشن ( Zonergy Corporation) جناب رچرڈ نے کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین بہترین دوست ہیں۔ چین نے ہر داخلی اور خارجی محاز پر پاکستان کی حمایت کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری، جو کہ چین کے وسیع تر منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو (Belt and Road Initiative) کاحصہ ہے ,کے ذریعے چین پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، صنعت اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم نے قائداعظم سولر پاور بہاولپور کا 300 میگاواٹ کا منصوبہ ریکارڈ مدت میں پورا کیا تھا اور ہماری آئندہ بھی یہی کوشش رہے گی کہ ہم قابلِ تجدید توانائی خصوصاً سولر , وِنڈ انرجی کے حوالے سے سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی جناب احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان، جناب ظفرالدین محمود اور جناب فہد حسین نے شرکت کی۔ زونرجی کارپوریشن (Zonergy Corporation) کی جانب سے وزیراعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کے لیے ایک خطیر رقم کا چیک بھی عطیہ کیا گیا ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔