راولپنڈی : خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں نے خرلاچی ضلع کرم میں پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی، پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے دہشتگردوں کو بھرپور جواب دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے موثر جواب سے دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے،دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے ، شہدا میں نائیک محمد رحمان، نائیک معاویز خان، سپاہی عرفان اللہ شامل ہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شہیدنائیک محمد رحمان کی عمر 32 سال، تعلق کرک سے تھا، شہیدنائیک معاویز خان کی عمر 34 سال، تعلق جمرود خیبر سے تھا، شہیدسپاہی عرفان اللہ کی عمر 27 سال، تعلق درگئی مالاکنڈ سے تھا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین کا استعمال قابل مذمت ہے، امید ہے افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کیخلاف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔