داسو حملے سے لاتعلقی کا بھارتی دعوی مسترد

داسو حملے سے لاتعلقی کا بھارتی دعوی مسترد
اسلام آباد(پبلک نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نےداسو حملے سے لاتعلقی کا بھارتی دعوی مسترد کر دیا. ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے مضحکہ خیز دعوے کو کلی طور پر مسترد کرتا ہے، کئی بار پاکستان میں بھارت کی طرف سے دہشتگردی کی منصوبہ بندی، سرپرستی اور مالی امداد کے ناقابل تردید ثبوت پیش کئے، پاکستان نے بھارتی دہشتگردی کے ثبوتوں کا ایک مفصل ڈوزئیربھی گذشتہ برس عالمی برادری کو پیش کیا. ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حال ہی میں لاہور حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کا بھی ثبوت پیش کیا گیا، کمانڈر کلبھوشن جادیو بھارتی ریاستی دہشتگردی کا سب سے جان پہچانا اور ناقابل تردید ثبوت ہے، کمانڈر کبھوشن جادیو کو مارچ 2016 میں رنگ ہاتھوں پکڑا گیا تھا،بھارت مکمل طور پر بےنقاب ہو چکا ہے، بھارت کی طرف سے تردید اور جھوٹے بیانئے کی گردان حقیقت کو بدل نہیں سکتی، بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ریاستی دہشتگردی کو بطور پالیسی اپنانا چھوڑ دے، پاکستان علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے بھارتی ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرتا رہے گا.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔