امریکا میں گھروں میں  مرغیاں پالنے کے رحجان میں اضافہ کیوں؟

Why are pet chickens becoming more popular?
کیپشن: Why are pet chickens becoming more popular?
سورس: google

ویب ڈیسک :مہنگے انڈے ۔۔۔ امریکا میں بھی گھروں میں مرغیاں پالنے کے رحجان میں اضافہ ہونے لگا۔۔لوگوں نے گھروں میں ڈربے بنانے شروع کردئیے ۔

 رپورٹ کے مطابق امریکا میں اعلیٰ کوالٹی کے انڈوں کی قیمت 10 ڈالر فی درجن تک پہنچ گئی ہے جب کہ کم ترین درجے کے انڈوں کی قیمتیں بھی دگنی ہو گئی ہیں جو دو سے تین ڈالر کے درمیان ہوتی تھی۔

ریستورانوں میں ایسے کھانے کی ڈشز کی قیمیتں بڑھا دی گئی ہیں جن میں انڈے استعمال ہوتے ہیں۔گزشتہ ہفتے سیاٹل میں ایک ریستوران کے اسٹور روم سے 500 انڈے چوری ہونے کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔

تو امریکی شہریوں نے انڈوں کے حصول کے لئے مرغیاں پالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 امریکا میں مرغیاں پالنے کے سخت قوانین

انڈوں کی کمی پورے کرنے کے لیے مرغیاں پالنے کا راستہ ہے تو سستا اور آسان لیکن یہ ایسا نہیں کہ کوئی جب چاہے اور کہیں بھی چاہے مرغیاں پال لے۔

امریکا میں مختلف ریاستوں کے مختلف قوانین کے تحت مقامی انتظامیہ سے اس کی اجازت لینا ضروری ہے۔

گھر میں مرغیاں پالنے سے متعلق کئی قواعد اور شرائط کا اطلاق ہوتا ہے۔ یعنی کیا آپ کو عمارت میں دڑبا بنانے کی اجازت ہے یا نہیں؟ شور سے متعلق قواعد کے مطابق مرغے پالنے پر پابندی تو نہیں؟

بعض حالات میں مرغیاں پالنے کی اجازت تو ہوتی ہے لیکن دیگر کئی ضمنی قواعد ہوتے ہیں۔ مثلاً کتنی مرغیاں پالی جاسکتی ہیں اور دڑبے اپنے مکان کی حدود میں کس جگہ بنانے چاہئیں جس سے پڑوسیوں کو کوئی شکایت نہ ہو۔

مرغیاں بیچنے والوں کا کاروبار بڑھ گیا

  گھریلو مرغیاں بیچنے والے ڈسٹری بیوٹر کا کہنا ہے کہ ان کی سیل دگنی تگنی ہوگئی ہے یعنی اب وہ ہفتے میں 100 یا اس سے بھی زیادہ مرغیاں فروخت کر لیتے ہیں۔ یادرہے امریکا میں ایک مرغی کی قیمت 40 ڈالر (11 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔

برڈ فلو سے بچنے کی احتیاطی تدابیر

امریکا میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے 'سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن' (سی ڈی سی) کا کہنا ہے پرندوں سے انسانوں میں پھیلنے والے زکام سے صحتِ عامہ کو 'کم درجے' کا خطرہ لاحق ہے تاہم ادارے نے گھروں میں پرندے رکھنے والوں کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کردی ہیں۔

سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ جو لوگ اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں یا تفریح وغیرہ کے لیے پرندوں کے درمیان جاتے ہیں یا جو ایچ فائیو وائرس سے متاثرہ حیوانات کے قریب گئے ہوں ان کے متاثر ہونے کے خدشات بہت زیادہ ہیں۔

امریکا میں برڈ فلو سے پولٹری فارم کے علاوہ دودھ دینے والی گائیں بھی متاثر ہورہی ہیں۔

اب تک 68 افراد فلو سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے ایک کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق ان افراد میں زیادہ تر ایسے تھے جو متاثرہ حیوانات کے قریب گئے تھے۔

صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ فلو سے جس شخص کی موت ہوئی ہے وہ جنگلی پرندوں اور غیر کاروباری مقاصد کے تحت گھر پر پالے گئے پرندوں کے قریب رہا تھا۔

انڈوں کی دستیابی سے متعلق بڑھتی ہوئی مشکلات ختم ہونے اور سپلائی معمول پر آنے میں دو تین ماہ لگیں گے۔

Watch Live Public News