الیکشن ملتوی کروانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع

الیکشن ملتوی کروانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع
اسلام آباد: الیکشن ملتوی کروانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قرارداد سینیٹر ہلال الرحمان نے جمع کرائی۔جس میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی اور برفباری خیبر پختونخوا میں شہریوں کو ساز گاز ماحول میں ووٹ ڈالنے سے روک رہی ہے، امیداروں کے لیے الیکشن مہم چلانے بے شمار چیلنجز پیدا ہو رہے ہیں۔ قرارداد کے متن کے مطابق ملک بھر میں جاری شدید ترین سرد موسم اور برف باری کے منفی اثرات کو لوظ خاطر رکھتے ہوئے اور خاص طور پر صوبہ خیبر پختو نخوا کے مختلف علاقوں میں جاری انتخابی مہم پر ، جو شہریوں کو سازگار ماحول میں ووٹ ڈالنے سے روک رہا ہے اور امیدواروں کے لیے اپنی انتخابی مہم چلانے میں بھی بے شمار چیلینجز پیدا کر رہا ہے۔ اسی طرح ملک بھر اور خاص طور پر صوبہ خیبر پختو نخوا میں بڑھتے ہوئے سیکورٹی خدشات مسائل کے پیش نظر امیدواروں کوانتخابی مہم کے دوران دہشت گرد حملوں کا شدید خطرہ لاحق ہے اور امیدواروں کے لئے انتخابی عمل میں ان کی فعال شرکت میں مسلسل رکاوٹیں ہیں۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبر پختو نخوا کے عوام اور امیدواروں میں اس حوالے سے احساس محرومی اور خاص طور پر سابقہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے امیدوار سیکورٹی مسائل سے متاثر ہورہے ہیں۔ قرار داد کے متن کے مطابق احساس محرومی کے تدارک کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور خیبر پختو نخواہ کے عوام کا انتخابی عمل سے باہر ہونے کے خدشات کے پیش نظر انتخابات کے انعقاد کے لئے اعلان کردہ تاریخ صوبے کے لئے غیر موزوں ثابت ہورہی ہے جبکہ ایوان بالاء آئین کے تحت دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق وفاقی اکائیوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے عزم پر کار فرما ہے۔ اسی لئے ایوان بالا و الیکشن کمیشن آف پاکستان سے یہ پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ عام انتخابات کو 8 فروری 2024 کی بجائے کسی ایسی موزوں تاریخ تک ملتوی کیا جائے جو تمام شراکت داروں کے لئے قابل قبول ہو اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں راستے میں حائل رکاوٹوں میں مددگار ثابت ہو۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔