اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا اصل کام عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، حکومت اصل میں لوگوں کے ٹیکس کے پیسوں پر کام کرتی ہے اور پھر سوشل کانٹریٹک کا مطلب ہے کہ عوام کی خدمت کی جائے،جب ایک سسٹم زوال کی طرف جاتا ہے تو وہاں پر عوام حکومت کی خدمت کرتی نظر آتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے نادرا وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لا منسٹری پر اتنے پریشر ہوتے ہیں، ہم بھی شکایت کرتے ہیں کہ لا منسٹری میں کوئی فائل جاتی ہے تو اس کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ وہ کدھر گم گئی ہے، ہماری حکومت کا ہر نظام اتنا مشکل ہو گیا ہے، عوام کیلئے کوئی بھی کام کروانے کیلئے بہت مشکلات ہوتی ہیں،میں چاہتا ہوں کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں، ٹیکنالوجی نے ہمارے لئے بہت آسانیاں پیدا کر دی ہیں، شوکت خانم نے آج سے بیس سال پہلے سافٹ ویئر ان ہاؤس ڈویلپ کیا تو سارا ہسپتال پیپر لیس بن گیا، اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ ہر قسم کی کرپشن ہی ختم ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کی بہت مہنگی دوائیاں ہوتی ہیں تو جیسے ہی ہم نے پیپر لیس سسٹم کیا تو ساری کرپشن ختم ہوگئی ، ہم حکومت میں بھی یہی کوشش کر رہے ہیں کہ پیپر لیس نظام لایا جائے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ہو کیونکہ آپ کو پتہ ہے کہ فائلوں کو آگ بھی لگ جاتی ہے۔ لینڈ ریکارڈز کو بھی آگ لگ جاتی ہے، زمینوں کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ عدالتوں میں آدھے کیسز زمینوں کے ہوتے ہیں، قبضہ گروپ بھی اسی لئے بنا ہے کہ زمینوں کے مسائل ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس کیلئے ہم اپنا سارا لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں۔ ہم نے اگست تک کا ٹارگٹ سیٹ کیا ہوا ہے، ہمارے تمام مین شہریوں کے ریکارڈ آن لائن ہو جائیں گے۔ آگے جانے کا یہی طریقہ ہے اور یہ جو آج آپ نے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کیں تو ہم نے مسلسل لوگوں کی زندگیاں آسان کرتے جانا ہے۔